سہ طلاق، خواتین ریزرویشن، جی ایس ٹی اور دیگر اہم فیصلے بھی لئے: مودی
گوالیار( مدھیہ پردیش)// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت نے پچھلے 10سالوں میںطویل مدتی منصوبہ بندی کیساتھ کئی “التوا میں پڑے” کام کئے ہیں جن میں آرٹیکل 370 کی منسوخی، گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی)کا نفاذ، ایک درجہ ایک دفاعی افواج کے لیے پنشن سکیم، تین طلاق پر پابندی اور قانون ساز اداروں میں خواتین کا کوٹہ متعارف کرانا شامل ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ‘شارٹ کٹ’ بھلے ہی فوری طور پر فائدہ پہنچا دے لیکن ‘لانگ ٹرم ‘ طویل مدتی سوچ ہی آخر میں فائدہ پہنچاتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ 2014 میں جب ملک نے انہیں وزیراعظم کی ذمہ داری دی تو ان کے سامنے دو متبادل تھے’ یا تو صرف فوری فائدے کے لیے کام کریں یا طویل مدتی طریقہ کار اختیار کریں‘۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے طے کیا کہ الگ الگ مقررہ وقت کے اندر کام کریں گے۔ حکومت نے 10 سال کے عرصے میں بہت سے بے مثال فیصلے کئے اور دہائیوں سے زیرالتوا کئی فیصلوں کے ذریعہ اگلی نسل کا بوجھ کم کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 60 سال سے کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ حکومت نے اسے ہٹا دیا۔
پچھلے 40 سال سے سابق فوجیوں کو ‘ون رینک ون پنشن’ دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، وہ بھی پورا کیا گیا۔ 40 سال سے جی ایس ٹی کا مطالبہ تھا، یہ بھی کیا گیا۔ کئی دہائیوں سے مسلم خواتین تین طلاق کے خلاف قانون بنانے کا مطالبہ کر رہی تھیں اور وہ بھی موجودہ حکومت نے بنایا۔ چند ہفتے پہلے لوک سبھا اور اسمبلی میں خواتین کے ریزرویشن کا قانون بھی بنایا گیا۔ مودی نے کہا کہ کام کاج کی اتنی لمبی فہرست ہے کہ پوری رات گزر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ فیصلے نہ کرتی تو اس کا بوجھ آنے والی نسلوں پر پڑتا۔ انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آنے والی نسل کا بوجھ ہلکا کر دیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوان نسل کے لیے ملک میں ایک ایسا مثبت ماحول پیدا کیا جائے جس میں ان کے لیے مواقع کی کوئی کمی نہ ہو۔یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ شتابدی ایکسپریس ٹرینیں اس وقت متعارف کروائی گئی تھیں جب آنجہانی مادھو را سندھیا وزیر ریلوے تھے، مودی نے کہا کہ اس کے بعد کئی دہائیوں تک ملک میں کوئی نئی ٹرین نہیں چلائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کی حکومت تھی جس نے جدید وندے بھارت اور نمو بھارت ٹرینیں متعارف کروائی تھیں۔