سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ منفی درجہ حرارت کے باعث سرینگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کچھ حصے منجمند پائے گئے۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کو چھوڑ کر وادی کے تقریباً تمام دیگر حصوں میں رات کا درجہ حرارت منفی درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ مغربی ہوائیں10 دسمبر کی شام کو خطہ میں داخل ہوکر اگلے 48 گھنٹوں تک متحرک رہیں گی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ’بالائی علاقوں میں 10 دسمبر کو ہی ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے جبکہ 11 اور 12 دسمبر کو بالائی علاقوں میں درمیانہ سے بھاری درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوسکتی ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ 13 دسمبر سے موسم ایک بار پھر خشک رہے گا جس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ’گذشتہ چار یا پانچ برسوں سے ہم خطہ کے موسم میں تبدیلی کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ پہلے یہاں برف باری دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں ہوتی تھی، لیکن اب فروری سے اپریل کے مہینوں میں ہوتی ہے‘۔ انہوں نے اسے گلوبل چینج کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ تبدیلی سب کے لئے باعث تشویش ہے‘۔