سرینگر// عالمی سطح پر10دسمبر کو بشری حقوق کی پاسداری کا دن منانے کی مناسبت سے مزاحمتی جماعتوں،وکلاء اور بشری کارکنوں کی طرف سمیناروں اور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے آج یعنی9 دسمبر کو سید علی گیلانی کی سربراہی والی تحریک حریت کے دفتر واقع رحمت آباد حید پورہ میں ایک سمینار’’کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاںاور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی‘‘ کے موضوع پر منعقد ہو رہا ہے۔سمینار میں سید علی گیلانی کے علاوہ میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی شرکت متوقع ہے۔یہ سمینار صبح10بجکر30منٹ پر شروع ہوگا،جس کے دوران جموں کشمیر میں انسانی حقوق پر مقررین بات کرینگے۔اس دران معلوم ہوا ہے کہ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی طرف سے بھی سنیچر کوڈسڑکٹ کورٹ کمپلکس مومن آباد بٹہ مالو میں انسانی حقوق پر کانفرنس منعقد ہورہی ہے جس میں وکلاء جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر روشنی ڈالینگے۔کانفرنس کا آغاز بھی صبح10بجکر30منٹ پر ہو رہا ہے۔ انٹر نیشنل فورم فار جسٹس کی طرف سے سنیچر کوپرتاپ پارک لالچوک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنے کا اہتمام ہوگا جس میں فورم کے سربراہ محمد احسن اونتو کے مطابق مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں کے علاوہ تاجر، سیول سوسائٹی ارکان،قلم کاربشری حقوق کارکن اور متاثرین شرکت کر رہے ہیں۔یہ خاموش احتجاج دن کے2بجے شروع ہوگا۔