عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور خود انحصاری کو فروغ دینے کے اقدام کے تحت، چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے کل جموں و کشمیر نیشنل رورل لائیولی ہڈس مشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔اس موقع پر دلو نے تقریباً 7 لاکھ خواتین کے اس زبردست انسانی وسائل کی بے پناہ صلاحیت پر زور دیا ۔انہوں نے کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کلسٹر لیول فیڈریشنز کی رجسٹریشن کی ہدایت دی ۔خواندہ SHG ارکان کی کافی تعداد (تقریباً 3 لاکھ) کو تسلیم کرتے ہوئے، چیف سکریٹری دلو نے انہیں ہنر مند اور تربیت یافتہ بنانے کیلئے انہیں محکمہ زراعت کی طرف سے پیش کیے جانے والے آن لائن دکش کسان کورسز سے جوڑ نے پر زور دیا۔میٹنگ میں سیکرٹری آر ڈی ڈی، اعجاز اسد نے بتایا کہ J&K NRLM نے کامیابی کے ساتھ 94,000 سیلف ہیلپ گروپس (SHGs) تشکیل دیے ہیں، جس میں مرکزی زیر انتظام علاقے میں 7.55 لاکھ دیہی گھرانوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔شبھرا شرما، ایم ڈی، جے اینڈ کے این آر ایل ایم، نے کہا کہ پچھلے چھ مہینوں میں 1.84 لاکھ سے زیادہ خواتین نے لکھپتی دیدی کا درجہ حاصل کیا ہے، موجودہ مہینے کے آخر تک اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں مجموعی طور پر 2.3 لاکھ خواتین کی مدد کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔