عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کرائم برانچ نے 1.25 کروڑاراضی سکینڈل میں کٹھوعہ میں2اراضی ڈیلروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف چارج شیٹ دائر کیا ہے۔ گرفتار شدہ اور چارج شیٹ شدہ پراپرٹی ڈیلروں کی شناخت دیویندر سنگھ ولد جئے سنگھ ساکن وارڈ نمبر 10، کٹھوعہ اور انیل کمار ولد بشمبر داس ساکنہ بیرہ، کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے۔2024میں پٹھانکوٹ، پنجاب کے جسوندر سنگھ اور گریٹر کیلاش جموں کے ویریندر شرما کی طرف سے موصول ہونے والی تحریری شکایت پر ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ شکایت کنندگان فرم “ٹرانس ورلڈ انفرا ڈیولپرز اینڈ بلڈرز” میں شراکت دار ہیں، کٹھوعہ میں ایک یونٹ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ملزم دیویندر سنگھ اور انیل کمار نے ان سے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس گووندسر کٹھوعہ گاؤں میں 270کنال زمین ہے۔ ملزمان نے زمین کی ملکیت کے ریکارڈ کو جعلی بنا کر اس زمین کو فروخت کیا جو ان کے پاس نہیں تھی اور شکایت کنندگان کو 1.25کروڑ کا دھوکہ دیا۔دوران تفتیش مذکورہ ملزمان کے خلاف جرائم ثابت ہوئے۔ انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف اسپیشل موبائل مجسٹریٹ کٹھوعہ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔اس سے قبل بھی پولیس سٹیشن کٹھوعہ میں ایک ملزم دیوندر سنگھ کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر نمبر 323/2020 زیردفعہ120بی، 323،415، 417،419،420، 426،447، 465، 467،468، 471، 506آئی پی سی درج کیاگیا اور چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرائم جموں بینم توش نے تصدیق کی کہ کیس ایف آئی آر نمبر 24/2024، زیردفعہ420، 465، 467، 468، 120-B آئی پی سی، پولیس اسٹیشن کرائم برانچ جموں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور عدالت میں چارج شیٹ دائر کی گئی۔