اننت ناگ//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے پہلگام میں ایک میٹنگ کے دوران جنوبی کشمیر کے اضلاع میں تعمیراتِ عامہ محکمہ کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں تعمیراتِ عامہ کے چیف انجینئر شیخ حمید ، پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئر ملک بشارت اننت ناگ ، کلگام ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے تعمیراتِ محکمہ کے سپرنٹینڈنگ انجینئر صاحبان اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ کام کے معیار میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئیے تا کہ پائیدار اور دیرپا عوامی اثاظے تعمیر کئے جا سکیں ۔ تعمیراتِ عامہ اور پی ایم جی ایس وائی محکموں کے چیف انجینئروں نے وزیر موصوف کو مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اننت ناگ ضلع میں 320 کلو میٹر لمبی سڑکوںمیں سے اب تک 90 کلو میٹر سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے اور باقی مسافت پر کام جاری ہے ۔ اس کے علاوہ انٹرل روڈ فنڈ زمروے میں دس نئے کام تفویض کئے گئے ہیں جبکہ چار منظور شدہ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے ۔تعمیراتِ عامہ محکمہ کے چیف انجینئر نے کہا کہ سیر ۔ عیش مقام سڑک کے کام کیلئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں جبکہ نبارڈ کے تحت 93 کام دردست لئے گئے ہیں جن میں سے 28 کو مکمل کیا جا چکا ہے ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ کلگام ضلع میں 130 کلو میٹر کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 24 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے ۔ سی آر ایف کے تحت تین نئے کام ہاتھ میں لئے گئے ہیں جبکہ نبارڈ کے تحت 46 منظور شدہ کاموں میں سے 18 پر کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اسی طرح پلوامہ ضلع میں 200 کلو میٹر میں سے 94 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے ۔ سی آر ایف کے تحت 4 کاموں میں سے 3 پر کام تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے ۔ نبارڈ کے تحت 39 کام مکمل کئے جا چکے ہیں اور 39 پر کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے ۔ شوپیاں ضلع میں 100 کلو میٹر کے مقرر کردہ ہدف میں سے اب تک 27 کلو میٹر سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نبارڈ کے تحت ریشی نگری پُل کو دو گلیاروں والا بنانے کے کام پر 16 کروڑ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے اور اس کو اگلے برس میں مکمل کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں سٹیٹ سیکٹر ، ضلع سیکٹر ، پی ایم جی ایس وائی اور نبارڈ کے علاوہ دیگر مختلف سکیموں کے تحت 750 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ میٹنگ کے دوران وزیر کو قومی شاہراہ ۔ 444 کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ قاضی گنڈ کو سرینگر کے ساتھ ملانے والی سرکیولر شاہراہ کیلئے زمین کی حصولیابی کا کام جاری ہے ۔ وزیر موصوف نے انجینئروں کو تکنیکی طور وضع کئے گئے نکتوں کی سختی کے ساتھ پاسداری کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ای ٹینڈرنگ کو فروغ دینے کیلئے ٹھیکیداروں کی معاونت پر بھی زور دیا ۔ وزیر نے جاری پروجیکٹوں کا متواتر بنیادوں پر معائینہ کرنے کی بھی ہدایت دی ۔