سرینگر//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے 64ویں ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا کے سالانہ کنونشن کو ریاست کے ٹریول ایجنٹوں کے لئے ایک سنہری موقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سیاحتی صلاحیتیں موجود ہیں اور اس ایونٹ کی بدولت سیاحتی سیکٹر بڑے پیمانے پر فروغ پائے گا۔وزیر موصوف اس ایونٹ کو احسن طریقے پر منعقد کرنے کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ ملک بھر سے 600ڈیلی گیٹ کنونشن میں حصہ لے رہے ہیں جو کشمیر میں 27مارچ کو 30سال کے بعد منعقد کیا جارہا ہے ۔ وزیر نے متعلقہ افسران کوہدایت دی کہ وہ تمام ممکنہ کوششیں اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے انجام دیں۔اس موقعہ پر ناظم سیاحت محمود احمد شاہ نے ایونٹ کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کو ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے پیش کیا۔ڈائریکٹر نے وزیر کو جانکاری دی کہ تمام متعلقہ محکمے انتظامت کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں 24گھنٹے انتھک کوششیں کر رہے ہیں تاکہ یہ کنونشن کامیابی سے ہمکنار ہو۔سیکرٹری ٹورازم سرمد حفیظ ، کمشنر ایس ایم سی ریاض احمد ، ایس ایس پی ٹریفک طاہر سلیم خان، ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل ، ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔