سرینگر//ریاست میں تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیم کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے کی ایک کڑی کے طور وزیر تعلیم سید محمدالطاف بخاری نے 6 نئے کالجوں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ صفاپورہ گاندربل اور جنگلوٹ کٹھوعہ میں انجینئرنگ کالج قائم کئے جائیں گے جبکہ ڈگری کالج بمنہ اور مولانا آزاد سٹیڈیم جموں میں آرکیٹکچر سکول قائم کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں زنانہ کالج گاندھی نگر اور زنانہ کالج مولانا آزاد روڑ سرینگر میں 2 نرسنگ کالج قائم کئے جارہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ اِن کالجوں میں درس و تدریس کا کام رواں سال شرو ع ہوگا۔وزیر نے آرکیٹکچر سکولوں اور نرسنگ کالجوں کے لئے سرینگر اور جموںمیں ایک ہی عمارت کرایہ پر لینے کے احکامات دئیے۔وزیر کو میٹنگ کے دوران ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر نے کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کی متعلقین کو ہدایات دیں۔میٹنگ کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، کشمیر / جموں اور یونیورسٹی اور دونوں صوبوںکی کلسٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور کالجوں کے پرنسپل موجود تھے۔