جموں//انڈین یوتھ کانگریس سیکریٹری انچارج جموں وکشمیر شیش پال سنگھ کہروالا اوریوتھ کانگریس کے کارکنوں نے یوتھ کانگریس صدرپرانوشگوترہ کی قیادت میں سرحدوں پرعام شہریوں کی ہلاکت پراحتجاج کیااوربی جے پی کے خلاف نعری بازی کی ۔اس دوران مظاہرین نے وزیراعظم نریندرمودی کاپتلا بھی نذرآتش کیا۔انہوں نے کہاکہ مودی عام لوگوں کے جان ومال کوتحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اوردشمن کودندان شکن جواب دینے کے لئے فوج کوکھلی چھوٹ نہیں دی جارہی ہے۔ مقررین نے کہاکہ بی جے پی لیڈراورمرکزی سرکارکے یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں جن میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی کمرتوڑدی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب مرکزمیں کانگریس سرکار تھی توبی جے پی کو اس وقت رونما ہونے والے واقعات کوبڑھاچڑھاکر پیش کرتی تھی اور کانگریس پر طرح طرح کے الزامات عائدکئے جاتے تھے جبکہ اس وقت مرکزمیں اورریاست میں بھی بی جے پی ۔پی ڈی پی حکومت ہے لیکن پھربھی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سے پوچھ رہے ہیں کہ 56 انچ کی چھاتی کہاں گئی جس کے بلندبانگ دعوے انہوں نے سال 2014 کے لوک سبھا کے انتخابات کے دوران کئے تھے۔