سرینگر //خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور اطلاعات محکمہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی کو ایک میٹنگ کے دوران جانکاری دی گئی کہ 49 فیصد صارفین کے راشن کارڈوں کو اُن کے آدھار کارڈوں کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے میٹنگ کے دوران ریاست میں ای پی ڈی ایس نظام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 21 اگست 2017 سے لیکر اس مہینے کی 18 تاریخ تک 74759 راشن کارڈوں کو اُن کے آدھار کارڈوں کے ساتھ جوڑ دیا گیا ۔ ان میں سے 52423 جموں جبکہ 22336 راشن کارڈ کشمیر صوبے میں آدھار کارڈوں کے ساتھ جوڑے گئے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ راشن کارڈوں کو آدھار کے ساتھ جوڑنے کے عمل کے شروع ہونے سے لے کر کل تک ریاست میں کُل 1386705 راشن کارڈ آدھار کے ساتھ لنک کئے گئے اور یوں ریاست میں کُل 49 فیصد نشانے کو حاصل کیا گیا ۔ اس عمل میں تیزی لانے کی غرض سے وزیر نے ہدایات دیں کہ آدھار اور راشن کارڈ کو جوڑنے کے کام کو متعلقہ افسر کے انکری منٹ کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جی آئی ایس نظام کے تحت 6583 سیل مراکز اور فئیر پرائس دکانوں میں سے 3815 مراکز کو اس کے دائرے میں لایا گیا ہے ۔ باقی ماندہ مراکز کو رواں ماہ کے آخر تک اس نظام کے دائرے میں لانے کی ہدایت دی۔ وزیر نے عوامی شکایات کا مقررہ مدت کے اندر نپٹارہ کرنے میں ناکام اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی تنخواہیں روکنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر کو بتایا گیا کہ کشمیر صوبے میں14 لاکھ راشن کارڈوں میں سے12 لاکھ کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ جموں صوبے میں540000 راشن کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے یہ کام بھی اس ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ چوہدری ذوالفقار علی نے تکنیکی ماہرین کو ہدایت دی کہ وہ سپلائی چین منیجمنٹ سے متعلق رواں ماہ کی21 ،22 اور23 تاریخ کو تربیتی پروگراموں کا انعقا دکریں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست بھر میں لیہہ کو چھوڑ کر ڈیٹا انٹری آپریٹر تعینات کئے گئے ہیں جب کہ لیہہ میں کسی بھی اُمیدوار نے اس کام کے لئے درخواست نہیں دی تھی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ انتودیا اناَ یوجنا کی دوبارہ سے جانچ کا کام جاری ہے اور اسے اگلے ماہ تک مکمل کیا جائے گا۔سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے شفیق احمد رینہ کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔