جموں // ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے کہا کہ کٹھوعہ میں امن وقانون نا م کی کوئی چیز نہیں ہے اور ایک مخصوص طبقہ زیادتیاں کا شکار ہو رہا ہے ۔ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ الزام پہلے بھی رہا ہے کہ ایک مخصوص طبقہ کے ساتھ جموں خاص کر کٹھوعہ میںزیادتیاں ہو رہی ہیں ،ہم نے اس بارے میں کئی بار کہا تھا کہ حکومت اس کی طرف دھیان دے لیکن حکومت نے کوئی دھیان نہیں دیا اور آج ایسا دل دہلادینے والا واقعہ پھر پیش آیا جو ہم سب کیلئے شرم ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ بچی اغوا ہوئی تھی تو اُس کے فوراًبعد پولیس کو حرکت میں آنا چاہئے تھا، لیکن 8دن بعد اُس کی لاش ملی۔انہوں نے کہا کہ آج حکومت کا یہ کہنا ہے کہ اس دلدوز واقعہ کی تحقیقات کیلئے سرکار نے ایک کمیٹی بنائی ہے لیکن اس سے کوئی بھی مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے اور حکومت کو اس کی کارروائی تین دن میں مکمل کرنی چاہئے ۔