سرینگر //خوراک ، سول سپلائیز ، امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے متعلقین کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ریاست میں راشن کارڈوں اور آدھار کو جوڑنے کے عمل میں تیزی لانے کیلئے 25 جولائی سے 3 روزہ آدھار سیڈنگ کیمپ منعقد کریں ۔ سیڈنگ کی موجودہ رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس کام کو مشن موڈ کے تحت عملایا جانا چاہئیے تا کہ اسے وقت پر مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے متحرک لایحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو محکمہ کے پاس آنے کے بجائے محکمہ کو ہی لوگوں کے پاس جا کر اُن کے آدھار کی سیڈنگ کرنی چاہئیے ۔ وزیر نے کہا کہ 25 جولائی سے 28 جولائی تک منعقد ہونے والے کیمپ میں ہر روز تین ضلعوں کو کیمپ کے دائرے میں لایا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ کچھ ملازمین اس عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ میٹنگ میں چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ محکمہ کا شکائتی پورٹل موثر انداز سے کام کر رہا ہے اور اس وقت صرف کشمیر کی تین شکایات جبکہ جموں کی دو شکایات نپٹارے کیلئے التوا میں پڑی ہیں ۔ انہوں نے بہتر انداز سے کام کرنے کیلئے محکمہ کے ملازمین کی کافی ستایش کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں اور کشمیر صوبوں میں چند اضلاع کو چھوڑ کر باقی تمام ضلعوں میں ڈیٹا انٹری اپریٹروں کی تعیناتی مکمل کی جا چکی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ تعیناتی کا یہ عمل ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے شفیق رینہ ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں آر اے انقلابی اور ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر نثار احمد وانی بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔