عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// تین دن کی وسیع بارش کے بعد، جموں و کشمیر میں اگلے دس دنوں میں موسم بڑے پیمانے پر مستحکم رہنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپریل کے آخر تک کسی بڑی موسمی سرگرمی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ تیز ہوائیں کچھ علاقوں میں 30 کلو میٹر سے زیادہ کی رفتارسے چلیں،جنوبی کشمیر کے کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ پیشین گوئی کے مطابق پیر کی سہ پہر وادی کے کچھ حصوں اور جموں ڈویژن کے الگ تھلگ علاقوں میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مختصردورانیہ کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں۔22 اور 23 اپریل کو پورے خطے میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا”موسم 26 سے 30 اپریل تک دوبارہ خشک رہنے کی توقع ہے۔ مجموعی طور پر24 اور 25 اپریل کی سہ پہر کے دوران ہلکی بارش یا گرج چمک کیساتھ بارشیں یا ژالہ باری کے علاوہ اس مہینے کے آخر تک کوئی بڑی موسمی سرگرمی متوقع نہیں ہے” ۔دریں اثنا، جموں و کشمیر میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔ کشمیر ڈویژن کے کئی حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 0 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ جموں ڈویژن میں رات کا درجہ حرارت موسمی اوسط سے 0 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔شمالی کشمیر میں گلمرگ کا سکی ریزورٹ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بانہال جموں خطے میں سب سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔