پلوامہ //پلوامہ میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دو گرینیڈ حملے ہوئے ، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔جنگجوئوں نے گزشتہ رات دس بجے کے قریب کاکہ پورہ پولیس تھانے پر رائفل گرینیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیںہوا ۔ بدھ کو بعد دوپہر نا معلوم جنگجوئوں نے سرکیولر روڑ پر بونورہ کے نزدیک فورسز پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر سڑک پر پھٹ گیا۔تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر ترال بالامیںنا معلوم جنگجوئوں نے سابق ممبر اسمبلی کی رہائش گاہ پر ہتھ گولہ داغا ۔ بدھ کی دو پہر اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔جنگجوئوں نے محمد اشرف بٹ ولد مر حوم محمد سبحان بٹ جو کہ سابق ایم ایل اے ترال رہے ہیں، کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی غرض سے ہتھ گولہ داغا جو رہائش گاہ کے نزدیک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں سیکورٹی فورسزز روانہ ہو ئی اور انہوں نے وہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کاروائی شروع کی ہے ۔خیال رہے گزشتہ شام ضلع کے پوچھل گائوںمیں جنگجوئوں نے ریلوے میں تعینات ایک ایس پی او کوگولیاں مار کر زخمی کیا تھا ۔مذکورہ ایس پی او عاقب احمد وگے ساکن پنجگام کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے اور بدھ کی شام تک انہیں 13پوائنٹ خون چڑھایا گیا تھا۔اس کی زندگی بچانے کیلئے ڈاکٹروں نے اسکی ایک ٹانگ کاٹ دی ہے۔