سرینگر//خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے پیش نظر صارفین بالخصوص شعیہ آبادی والے علاقوں میں 20 ہزار کوئنٹل اضافی غذائی اجناس تقسیم کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔ وزیر موصوف ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غذائی اجناس لوگوں بالخصوص ریاست بھر میں شعیہ آبادی والے علاقوں میں تقسیم کئے جانے چاہئیں تا کہ محرم الحرام کے مہینے کے دوران لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اضافی کھانڈ حاصل کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے تا کہ شعیہ آبادی والے علاقوں میں لوگوں کو اس مہینے کے دوران ایک کلو کھانڈ دیا جا سکے ۔ انہوں نے ناجائیز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے مارکیٹ چیکنگ سکارڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے وضع کئے گئے نرخ ناموں پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے ۔ میٹنگ کے دوران محکمہ خزانہ کی طرف سے ایف سی ایس اینڈ سی اے کو واگذار کئے گئے 37228.32 لاکھ روپے کی واگذاری کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔