جموں//وزیر اعظم نریندر مودی 15 مئی کو جموں وکشمیر کا دورہ کرکے مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی امکانی طور پر 15 مئی کو ریاست کے دورے پر آئیں گے‘۔ انہوں نے بتایا کہ مودی سرمائی دارالحکومت جموں میں دو بڑے روجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک تعمیراتی پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم جموں رنگ روڑ اور آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ریاستی حکومت نے اس کے لئے ضلع سانبہ کے تحصیل وجے پور میں اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ مودی امکانی طور پر مبارک منڈی بہوفورٹ روپ وے پروجیکٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافات میں قائم شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب ملک کا کوئی وزیراعظم کشمیر کی کسی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم زوجیلا ٹنل کے پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس ٹنل کے بننے سے سری نگر لیہہ شاہراہ سال بھر کھلی رہے گی۔ مودی نے گذشتہ برس اپریل میں ریاست کا دورہ کرکے جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ضلع ادھم پور میں بننے والی چنینی ناشری ٹنل کو عوام کے نام وقف کیا تھا۔