مقامی لوگ شہر میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے پریشانی ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے نوشہرہ قصبہ میں قائم کردہ میونسپل کمیٹی میں ملازمین کی 3درجن کے قریب خالی آسامیوں کی وجہ سے قصبہ کی لگ بھگ 20ہزارکی آبادی اس وقت کئی طرح کی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے ۔مونسپل کمیٹی نوشہرہ جس کی ذمہ داری تقریبا 20 ہزار آبادی والے قصبے میںاپنی خدمات انجام دینا ہے،کمیٹی کے پاس 55 کے بجائے 20 سرکاری ملازم ہی موجود ہیں جس کے باعث کمیٹی کا کام کاج بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے۔ مونسپل کمیٹی نوشہرہ جو کہ 13 وارڈوںپر مشتمل ہے اور ان 13 واڈوں کی آبادی تقریبا 20 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ سرکار کی طرف سے ان 13 واڈوں کے مکینوں کے لئے محض 20 ملازمین ہی دئیے گئے ہیں جن میں بیشتر عارضی ملازمین ہیں ۔موجودہ وقت میں کمیٹی میں ایگزیکٹو آفیسر کی پوسٹ خالی ہے، اس کے علاوہ ٹیکس انسپکٹر ،سپروائزر خلاف ورزی انسپکٹر چپراسی اور ہیڈ اسسٹنٹ ،اسسٹنٹ سیکٹری جونیئر اسسٹنٹ برتھ اینڈ ڈیتھ ڈیپورٹر کمپیوٹر اسسٹنٹ ،خلاف ورزی اسسٹنٹ الیکٹریشن کلینر سینٹری ورکر لیڈر مین جسے سیڑھی پکڑنے والا کہا جاتا ہے سمیت 35 آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کے باعث پوری میونسپل کمیٹی کا کام کاج متاثر ہو رہا ہے۔ صفائی کرمچاری کی بھی اشد کمی ہے۔ 55ملازمین کی جگہ محض 20 ملازمین ہی کام کر رہے ہیں جن میں بیشتر عارضی ملازمین ہیں۔ ایگزیکٹوآفیسر نوشہرہ کی کرسی دو برسوں سے خالی پڑی ہوئی ہے۔ سندر بنی کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر کو نوشہرہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔کمیٹی کے پاس ملازمین کی شدید قلت کی وجہ سے نوشہرہ قصبہ میں گندگی کے ڈھیر جمع رہتے ہیں جبکہ بازار میں کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلا ء کی بھی حالت خستہ ہو چکی ہے۔ قصبے کے لوگوں نے نو منتخب حکومت اور ڈائریکٹر لوکل باڈیز سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشہرہ مونسپل کمیٹی میں سرکاری ملازمین کی کمی جو گزشتہ کہیں برسوں سے جاری ہے جلد سے جلد دور کی جائے اور ایگزیکٹو آفیسر کو جلد سے جلد نوشہرہ میں تعینات کیا جائے۔