عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 273 کروڑ روپے کے مبینہ بینک فراڈ سے متعلق منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے معاملے میں دہلی اور بھوپال کے دس مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایرا ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپرس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (ای ایچ ڈی ایل) اور اس کے ساتھیوں کے احاطے میں چھاپے مارے گئے ہیں۔تحقیقات آئی ایف سی آئی بینک کی شکایت پر درج سی بی آئی کی ایف آئی آر سے شروع ہوئی ہے ۔ ایجنسی کا الزام ہے کہ ای ایچ ڈی ایل نے اپنے پروموٹرس اور ڈائریکٹرس کے ساتھ مل کر تقریباً 273 کروڑ روپے کے قرض کا غلط استعمال کیا ہے ۔ای ڈی کے مطابق، قرض کے فنڈ کا اہم حصہ مبینہ طور پر مختلف متعلقہ اداروں کو منتقل کیا گیا جو کسی بھی جائز کاروبار میں ملوث نہیں ہیں۔ جاری تحقیقات میں مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے سرچ آپریشن انجام دیا جا رہا ہے ۔