جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی درخواست کے تناظر میں مرکزی حکومت نے آنے والے این ای ای ٹی( پی جی) امتحان2018 میں شامل ہونے والے وادی کے اُمیدواروں کیلئے دو امتحانی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک مراسلے میں مرکزی وزارت صحت نے بورڈ آف پروفیشنل امتحانات حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 5300 اُمیدواروں کے لئے سرینگر اور بارہ مولہ میں امتحانی مراکز قائم کریں۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے 10 نومبر کو مرکزی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود جے پی نڈا کے نام بھیجے گئے مکتوب کے بعد لیا گیا ہے ۔اس حوالے سے طلبا کے کئی گرؤپوں نے( این ای ای ٹی) ( پی جی)2018 امتحان کا مرکز سرینگر میں بھی قائم کرنے کا معاملہ وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لایا تھا اور کہا گیا تھا کہ وادی سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں میڈیکل گریجویٹ اُمیدوار اس امتحان میں شامل ہونے جارہے ہیں۔