عظمیٰ نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے کے کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن(سی سی ای)مینز کے خواہشمند اِن سروس ملازمین کو ایک بڑی راحت دی۔جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک باضابطہ مواصلت میں، تمام ڈپٹی کمشنرز، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور محکموں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہJKAS مینز امتحان میں تمام حاضر سروس امیدواروں کو حاضر ہونے کی اجازت دیں۔سرکاری آرڈر میں کہا گیا ہے”مختلف ان سروس امیدواروں کی طرف سے نمائندگی موصول ہوئی ہے جنہیں کمبائنڈ کمپیٹیو (مینز) امتحان میں شرکت کے لیے ان کی مختلف اسائنمنٹس میں مصروفیت بشمول الیکشن سے متعلق ڈیوٹی کی بنا پر چھٹی نہیں دی جا رہی ہے، جو کہ 26 مارچ سے 3 اپریل 2024 تک ہونے والا ہے‘‘۔ کیونکہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے لوک سبھا انتخابات سے قبل تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔پبلک سروس کمیشن نے مینز 26، 27، 28، 29 مارچ اور 2 اور 3 اپریل 2024 کو شیڈول کیے ہیں۔”معاملے کی جانچ کی گئی ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور ایچ او ڈی کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان سروس امیدواروں کو چھٹی کی منظوری کے ساتھ مذکورہ امتحان میں شرکت کی اجازت دیں،”۔تمام انتظامی سکریٹریوں اور چیف الیکٹورل آفیسر کو بھی ایک کاپی بھیج دی گئی ہے۔