جموں//محکمہ تعلیم نے کشتواڑ کے چیف ایجوکیشن آفیسر کو معطل کر کے اسے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کے ساتھ اٹیچ کر دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تعلیم سیشن کے دوران اساتذہ کے تبادلے کرنے کی شکایات کے بعد محکمہ کی جانب سے جاری ایک حکمنامہ میں کہا گیا ہے ’اجیت کمار شرما انچارج سی ای او کشتواڑ کو فور ی طور پر معطل کر کے اس کے خلاف ویجی لنس کی طرف سے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ کو سی ای او کشتواڑ کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ تعلیمی سیشن کے دوران تبادلوں کی روش پر خفا محکمہ تعلیم نے چند رو ز قبل چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کو ڈائریکٹر ایجوکیشن جموں کے ساتھ منسلک کر دیا تھا۔ حکومت نے تمام چیف ایجوکیشن آفیسران کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ تعلیمی سیشن کے دوران اساتذہ کے تبادلوں سے اجتناب برتیں اورکسی بھی مجبور ی کی صورت میں انہیں اعلیٰ حکام سے پیشگی منظوری لینے کیلئے کہا گیا تھا تاکہ درس و تدریس کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔ لیکن کئی افسران من مانی کرتے ہوئے مڈ سیشن ٹرانسفروں میں ملوث تھے جس کے نتیجہ میں بچوںکی پڑھائی متاثر ہو رہی تھی۔ ٹرانسفر پالیسی کے مطابق ٹیچر، ماسٹر او ر لیکچراروں کی ٹرانسفروں پر پابندی عائد ہے ۔