سرینگر// یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر سلمان علی ساگر نے حکومت کی طرف سے احتجاجی NHMملازمین کی طرف روا رکھے گئے طریقہ کار کو افسوناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ان ملازمین کے مسائل کو افہام و تفہیم سے نمٹنے کے بجائے انہیں دھونس اور دباﺅ کے ذریعے خاموش کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہٹ دھرمی اور طاقت کے بے تحاشہ استعمال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ملازمین لالچوک کی پرتاپ پار کے اندر پُرامن طور پر احتجاج پر بیٹھے تھے کہ پولیس کی طرف سے پارک کے اندر ہی اندھا دھند شلنگ کرکے درجنوں کو زخمی کیا گیا جس میں خواتین بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ بات ذہن نشین کرنی
چاہیے کہ مسائل کو طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا ہے ،طاقت اور دھونس و دباﺅ کے ذریعے احتجاج کرنے والوں کو جتنا خاموش کرنے کی کوشش کی جائے گی مسائل اُتنے ہی پیچیدہ ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے احتجاج کررہے NHMملازمین کیساتھ بات چیت کرنے کے بجائے انہیں دہشت زدہ کرکے خاموش کرنے کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔حکومت کو چاہئے کہ ان احتجاجی ملازمین کیساتھ مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ کوئی راستہ ڈھونڈ نکالا جائے۔