سری نگر// ضلع شوپیان میںانٹر نیٹ سہولیات پر مسلسل روک لگانے کی وجہ سے علا قے کی عام آبادی ، تاجر اور طلاب سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس دوران لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کی مجبوریوں کا خیال رکھتے ہوئے ضلع میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کو بحال کریں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میںانتظامیہ کی جانب سے تیز تر انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ضلع بھر کے تاجرروں، طلاب اور عام لوگوں کو تیز تر انٹرنیٹ سہولیات کے فقدان کی وجہ سے انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع سے وابستہ تاجر، طلاب اور عام لوگوں نے کے ایس ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھی انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے تجارت اور پڑھائی پر کافی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ حکومت نے ایک ہفتہ قبل ضلع میں 2Gانٹرنیٹ سروس کو بحال کردیا تاہم تجارت پیشہ افراد اور طلاب کو اس سروس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2Gسروس کے دوران طلاب مختلف سائٹس پر جانے سے قاصر ہیں کیوں کہ اس وقت ضلع میں متعدد طلبا و طالبات قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے کے لیے تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن کم تر انٹرنیٹ سپیڈ کی وجہ سے طلاب کا کافی وقت ضائع ہورہاہے۔ ادھر تاجروں نے بھی انٹرنیٹ کی بار بار معطلی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ نے مطالبہ کیا کہ وہ تجارت کو بلاخلل جاری رہنے کے لیے انٹرنیٹ کی تیز تر رفتار بحال کریں۔