سرینگر//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست کے11 اضلاع میں دوسرے مرحلے کے سلسلے میں اگلے ماہ کی پہلی تاریخ سے سپلائی چین منیجمنٹ کی آزمائشی شروعات کا انعقاد کریں۔وزیر موصوف نے ایک میٹنگ میں کہا کہ کسی بھی نئی چیز کو متعارف کرنے کے دوران تکنیکی طور با صلاحیت ٹیم کے ہوتے ہوئے محکمہ کو یہ مسئلہ کوئی پیچیدگی پیدا نہیں کرنا چاہئے۔وزیر نے ہدایت دی کہ ایس سی ایم کو کشمیر وادی کے گاندر بل، بانڈی پورہ، بڈگام، پلوامہ، شوپیاں اور لیہہ ضلع تک پھیلا جائے جبکہ جموں صوبہ کے کٹھوعہ، رام بن، پونچھ، ریاسی اور ڈوڈہ اضلاع کے لئے پہلی ستمبر تک آزمائشی دوڑ شروع کی جائے گی۔ذوالفقار نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے لوگوں کو شفافیت کے ساتھ راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور ایس سی ایم اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ذوالفقار نے غذائی اجناس ڈھونے والی گاڑیوں پر ٹریکر لگانے کی ضرورت پر زور دیاتا کہ ایسی گاڑیوں کی نقل و حرفت پر نگرانی رکھی جاسکے۔وزیر نے کہا کہ آج کے سائنسی دور میں راشن کی فراہمی کے نظام، جوابدہی اورشفافیت بہت ضروری ہے۔