بلال فرقانی
سرینگر//جموںکشمیر میں یکم سے 15 اگست تک’ سلام ترنگا‘ ریلیوں کو منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گجرات نشین غیر سیاسی جماعت ’سیلوٹ ترنگا‘ نے کہا کہ سرینگر کے شنکر آچاریہ مندر سے ریلی کا آغاز کیا جائے گا۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدرراجیش کمار جھا نے کہا کہ کشمیر کو بقیہ ہندوستان کے ساتھ مکمل طور پر ضم کرنے اور کشمیر کے نوجوانوں میں قوم پرستی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے وادی بھر میں ترنگا ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ باقی ہندوستان میں 13 سے 15 اگست تک ریلیاں نکالی جائیں گی، تاہم کشمیر میں یہ ریلیاں سبھی اضلاع اور قصبہ جات میں یکم اگست سے لگاتار 15 دن تک نکالی جائیں گی۔جھا نے کہا’’روڈ شو، موٹر سائیکل ریلیاں اور پیدل مارچ ہوں گے اورہم اپنی پہلی ریلی شنکر آچاریہ مندر سے شروع کریں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تنظیم غیر سیاسی ہے جبکہ ان کا واحد مقصد اتحاد اور ملک سے محبت پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے انچارج اور جنرل سکریٹری سمپت سرسوت نے کہا کہ ان کی تنظیم کا بی جے پی یا کسی دوسری پارٹی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کے لوگوں سے پیار کرتے ہیں اور ان ترنگا ریلیوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت کی توقع کرتے ہیں۔