محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ناشری کے ڈھلواس اور شیر بی بی کے کشتواڑی پتھر سمیت کئی مقامات پر بارشوں اور برفباری کی وجہ سے تباہ حال ہوئی شاہراہ کی کشادگی اور مرمت کا کام منگل کی صبح سے ہی جاری ہے اور اس کام کو بدھ کی صبح تک مکمل کئے جانے کی امید ہے۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی درخواست کے بعد شاہراہ پر واقع ڈھلواس اور کشتواڑی پتھر کے علاوہ مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، ہنگنی اور شالگڑی کے مقام بارشوں اور برفباری کیوجہ سے شاہراہ کو پہنچنے نقصان کو ٹھیک کرنے اور یکطرفہ مقامات کو دو طرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے منگل شام تک کام جاری تھا اور مرمتی اور کشادگی کے کام کی وجہ سے شاہراہ پر منگل کی صبح آٹھ بجے سے بدھ کی صبح آٹھ بجے تک 24 گھنٹوں کیلئے شاہراہ پر ٹریفک کو بند رکھنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ رام بن نے پیر کے روز ایک حکم جاری کیا تھا۔ اس دوران منگل کی سہہ پہر بعد بانہال کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے تاہم شام ہوتے ہوتے موسم صاف ہوتا جارہا تھا۔