پرویز احمد
سرینگر //یونین پبلک سروسز کمیشن نے سول سروسز کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ ان نتائج میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے10افراد نے انڈین ایڈ منسٹریٹو سروس (IAS) میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔جموں و کشمیر کے ڈورو اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 24سالہ نوجوان محمد وسیم بٹ نے آئی اے ایس میں کل ہند سطح پر 7ویں جبکہ پونچھ ضلع کی پرسنجیت کور نامی لڑکی کی 11ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ملکی سطح پر آئی اے ایس میں پہلی 3 امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والی سبھی لڑکیاں ہیں۔پہلی اور دوسری پر دو جبکہ تیسری پوزیشن دو لڑکیوں نے حاصل کرلی ہیں۔منگل کویونین پبلک سروسز کمیشن نے ملک میں آئی اے ایس امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا اور مجموعی طور پر 1022امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ان میں مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے10اُمید وار بھی شامل ہیں۔ جن میں اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 24سالہ محمد وسیم بٹ نے ابتدائی 10پوزیشنوں میں سے 7ویں پوزشن حاصل کی ہے۔
محمد وسیم کے علاوہ جموں کے پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والی پرسنجیت کور نے11ویں ، نتن سنگھ نے 32، نورباغ سوپور سے تعلق رکھنے والے نوید احسن بٹ نے 82ویں،منان احمد بٹ نے 231ویں، ڈاکٹر ارم چودھری852ویں ،مانل بجوترا نے 314ویں،عرفان چودھری نے 476ویں ،نیورنشیو ہنس نے 811 اورآدیش بسنوترانے888 ویں پوزیشن حاصل کی ۔ان میں سے6 نے پہلے ہی کشمیری ایڈمنسٹریٹو سروس کا امتحان پاس کیا تھا۔کل ہند سطح پر 7ویں پوزیشن حاصل کرنے والے محمد وسیم نے بتایا کہ یونین پبلک سروسز امتحان پاس کرنے کی لگن اور سخت محنت کی وجہ سے ہی وہ کامیاب ہوئے ہیں۔ محمد وسیم نے بتایا کہ وہ اپنے کامیابی سے کافی خوش ہیں۔ محمد وسیم نے بتایا کہ یہ کامیابی ان سبھی لوگوں کی ہے، جنہوں نے اس دوران میرا سپورٹ کیا ۔ محمد وسیم نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT)سرینگر سے بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ وسیم نے سال 2021میں میں 225ویں پوزیشن حاصل کی تھی لیکن درجہ بندی میں مزید بہتری کیلئے انہوں نے دوبارہ امتحانات میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا ۔یونین پبلک سروسز کمیشن نے 1022 اُمیدواروں کو انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروسز ، انڈین فارن سروسز ، انڈین پولیس سروسز اور سینٹر سروسز گروپ اے اور گروپ بی کے اہل قرار دیا ہے۔ ان میں 345اُمیدور جنرل کیٹگری، 99 اقتصادی طور پر کمزور زمرے، 263او بی سی، 154ایس سی اور 72افراد ایس ٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ کمیشن نے پریلمنری امتحانات کا انعقاد 5جون 2022کو کیا تھااور نتائج کا اعلان اسی سال جون کے آخر میں کیا گیا ، 16ستمبر سے 25ستمبر تک مینز کا امتحان منعقد کیا گیا اور اس کے نتائج 6دسمبر کو ظاہر کئے گئے جبکہ انٹریو کا انعقاد 18مئی 2023 کو کیا گیا اور نتائج 23مئی کو جاری کئے گئے۔