یو این آئی
نیویارک/24بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن نوواک جوکووچ اس سیزن کے تمام گرینڈ سلیم کے آخری چار میں داخل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے منگل کو یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں چوتھی سیڈ امریکی ٹیلر فرٹز کو 6-3، 7-5، 3-6، 6-4 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ جوکووچ کا فرٹز کے خلاف کیریئر کا ریکارڈ 11-0 ہو گیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی 38 سالہ سربین اوپن دور میں ایک ہی سیزن میں چاروں بڑے ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل تک پہنچنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے۔ جوکووچ اب ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ (14 بار) سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے جمی کونرز کے ساتھ برابر ہیں۔ وہ 2011، 2015، 2018 اور 2023 میں یو ایس اوپن جیت چکے ہیں۔ جوکووچ رواں سیزن کے چاروں بڑے ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ اپنے کیرئیر میں ساتویں مرتبہ انجام دیا ہے۔ ان کا سیزن ریکارڈ 31-9 ہے۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ حریف کارلوس الکاراز سے ہوگا۔ جوکووچ کو لیکسس اے ٹی پی ہیڈ ٹو ہیڈ سیریز میں الکاراز پر 5-3 کی برتری حاصل ہے، جس میں آخری دو میچوں میں جیت بھی شامل ہے۔ فلشنگ میڈوز میں ان کے درمیان اگلا مقابلہ ہوگا۔جوکووچ نے کہا یہ ایک بہت ہی قریبی میچ تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں خوش قسمت تھا کہ میں دوسرے سیٹ میں کچھ اہم بریک پوائنٹس بچا سکا۔ میرے خیال میں وہ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں زیادہ تر وقت بہتر کھلاڑی تھے۔ اس قسم کے میچوں میں چند پوائنٹس ہی فاتح کا فیصلہ کرتے ہیں۔جوکووچ کے ساتھ 2022 کے یو ایس اوپن چیمپئن اور اسپین کے سیکنڈ سیڈ کارلوس الکاراز شامل ہیں جنہوں نے جمہوریہ چیک کے جیری لہیکا کو 6-4، 6-2، 6-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی سیٹ گنوائے بغیر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ خواتین کے زمرے میں بیلاروس کی ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا کو 2023 کی ومبلڈن چیمپئن جمہوریہ چیک کی مارکٹا ونڈروسووا کے گھٹنے کی انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہونے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ ملی۔ عالمی نمبر چار جیسیکا پیگولا نے چیک پلیئر باربورا کریجکووا کو 6-3، 6-3 سے ہرا کر مسلسل دوسرے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گھریلو شائقین کو خوش کیا۔