یو این آئی
نیویارک/دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی آرینا سبالینکا، سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ اور ہسپانوی تجربہ کار کارلوس الکاراز نے اپنے اپنے میچ جیت کر یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں ہونے والے سنگلز میچ میں سبالینکا نے اسپین کی کرسٹینا بوکسا کو 6-1، 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ دفاعی چیمپئن سبالینکا کا مقابلہ اگلے راؤنڈ میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا اور جمہوریہ چیک کی مارکیٹا ونڈروسووا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح سے ہوگا۔ نوواک جوکووچ نے اتوار کی شب آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں جرمنی کے جان لینارڈ اسٹرف کو شکست دے کر نیا ریکارڈ قائم کیا، وہ ایک ہی سیزن میں چاروں گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے والے دنیا کے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ۔وہیں الکاراز نے 13 گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔38 سالہ سربین کھلاڑی نے ایک گھنٹہ 49 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کوالیفائر جان لینارڈ اسٹروف کو 6-3، 6-3، 6-2 سے شکست دے کر اپنے کیرئیر کے 14ویں یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں انٹری حاصل کیا۔جوکووچ کا اگلا مقابلہ امریکی نمبر 4 سیڈ ٹیلر فرٹز سے ہوگا جنہوں نے اس سے قبل جمہوریہ چیک کے ٹامس ماچک کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی۔میچ کے بعد کے انٹرویو میں جوکووچ نے کہا، اگر آپ اچھی سروس کرتے ہیں تو یہ یقینی طور پر مدد کرتا ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ میری سروس آخری راؤنڈ میں اور آج بھی بہت اچھی تھی۔ شاید مجھے اتنی محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اپنے کیریئر کے بیشتر حصے میں میں بیس لائن سے دوڑتا رہا، سلائیڈنگ کرتا رہا ہوں اور گھسیٹتا رہا ہوں۔ لیکن جب صحیح وقت آتا ہے تو میں جارح ہونے کی کوشش بھی کرتا ہوں۔ اس جیت کے ساتھ جوکووچ نے روجر فیڈرر اور آندرے اگاسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، یہ دونوں 13-13 بار یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے اور اب وہ 14-14 کے ساتھ اکیلے کھڑے ہیں۔ اب وہ اوپن ایرا ریکارڈ بک میں صرف جان کونرز سے پیچھے ہیں، جو 17 کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ ایک اور میچ میں اسپین کے کارلوس الکاراز نے ایک بار پھر فرانس کے آرتھر رنڈرکنچ کوا سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر 2025 یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ سیکنڈ سیڈ الکاراز نے رینڈرکنیک کو 7-6(3)، 6-3، 6-4 سے ہرا کر اوپن ایرا میں 13 گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل تک پہنچنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ۔الکاراز نے 2022 میں نیویارک میں 19 سال کی عمر میں یو ایس اوپن جیت کر سب سے کم عمر عالمی نمبر ایک بننے کی تاریخ رقم کی، آخری آٹھ میں جمہوریہ چیک کی 20 ویں سیڈ جیری لہیکا کا مقابلہ کریں گے ۔ لہیکا نے فرانس کے ایڈرین مینارینو کو 7-6(4)، 6-4، 2-6، 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔