یو این آئی
نئی دہلی//اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے الگ الگ ملاقات کی اور انہیں مہاکمبھ 2025 کے لئے مدعو کیا۔وزیر اعلی نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کو بھی پریاگ راج میں ہونے والے مہاکمبھ-2025 کے لیے مدعو کیا۔یوگی آدتیہ ناتھ نے دعوت نامہ کے ساتھ مہاکمبھ 2025 کی علامت، کلش، مہاکمبھ سے متعلق لٹریچر، نئے سال کا ٹیبل کیلنڈر اور تمام معززین کو ڈائری بھی پیش کی۔آئندہ 13 جنوری سے 26 فروری 2025 تک پریاگ راج میں ہونے جا رہے مہا کمبھ میں معززین کو مدعو کرنے کے لئے وزیر اعلی ہفتہ کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ ہفتہ کو انہوں نے سابق صدر رام ناتھ کووند، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا اور میزورم کے گورنر جنرل وی کے سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے تمام معززین کو مہا کمبھ سے متعلق تحائف بھی پیش کئے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنیایکس ہینڈل پر معززین کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصویر پوسٹ کی اور انہیں وقت فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ مہاکمبھ شروع ہونے میں کچھ وقت باقی ہے۔ وزیر اعلی یوگی اور ان کے وزرا مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں اور مہاکمبھ کے لیے معززین اور عام لوگوں کو مدعو کر رہے ہیں۔