عظمیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج//مہاکمبھ میں یوگی حکومت کی فائر سیفٹی کی تیاری ایک بڑے واقع کو روکنے میں کلیدی حیثیت رکھتی تھی جب اتوار کو آگ لگ گئی، بروقت اقدامات سے ممکنہ تباہی کو ٹالا گیا۔میلے کے نوڈل چیف فائر آفیسر پرمود شرما نے تصدیق کی کہ کھانا پکانے کے دوران ایل پی جی سلنڈر کی وجہ سے لگی آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا جس پر فائر بریگیڈ کے فوری ردعمل کی بدولت واقعہ کی اطلاع ملنے کے دو منٹ کے اندر پہنچ گئی۔انہوں نے کہا’’آگ نے تیزی سے بھوسے کی جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے فیئر کنٹرول روم کو کوتوالی جھوسی فائر اسٹیشن اور قریبی یونٹوں کو الرٹ کرنے کے لیے کہا گیا۔ شدت کو سمجھتے ہوئے، اضافی فائر گاڑیاں روانہ کی گئیں۔ فائر عملے نے بہادری سے 200-300عارضی پنڈال بچا کر محفوظ بنالئے ‘‘۔فائر بریگیڈ کی کل 45گاڑیاں تعینات کی گئیں اور 1.5گھنٹے کی انتھک کوششوں کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ بجھانے والے یونٹوں کا فوری ردعمل، الرٹ کے دو منٹ کے اندر پہنچنا، ایک بڑی تباہی کو ٹالنے میں کلیدی حیثیت رکھتا تھا۔ریسکیو آپریشن کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر فائر امان شرما اور چیف فائر آفیسر پرمود شرما کر رہے تھے، جو پورے واقع کے دوران زمین پر موجود تھے۔مہاکمبھ میں آگ سے حفاظت کے لیے یوگی حکومت کا فعال انداز اس طرح کے حادثات کو روکنے میں ایک اہم عنصر رہا ہے۔ میلے کا علاقہ، جو لاکھوں کلپواسیوں اور کروڑوں عقیدت مندوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، ایک وسیع فائر سیفٹی انفراسٹرکچر سے لیس ہے۔میلے کے پورے میدان میں مجموعی طور پر 50فائر اسٹیشن اور 20فائر پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔فائر ڈپارٹمنٹ کو 66.75کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا جبکہ فائر سیفٹی کے آلات اور گاڑیوں کیلئے مجموعی بجٹ 131.48کروڑ روپے ہے۔ اس سرمایہ کاری نے تقریب میں شرکت کرنے والے لاکھوں افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ایک اہم فرق ڈالا ہے۔