سرینگر/نئی دہلی // جنگ زدہ یوکرین میں ابھی بھی 50سے زائد جموں کشمیر کے طلباء پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر مالڈوا،پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ کی سرحدوں پر پہنچ گئے ہیں۔لیکن یوکرین کے شہر سمی سٹی، جو روسی حملے کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، میں ابھی تک 10کشمیری طلباء پھنسے ہوئے ہیں۔حکومتی اعدادوشمار کے مطابق جموں کشمیر کے کل 145طلاب یوکرین میں موجود تھے جن کے والدین نے رجسٹریشن کرائی تھی اور اپنے بچوں کے رہنے کے مقامات اور انکے رابطوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی تھی۔اسکے علاوہ 2کشمیری کنبے بھی یوکرین میں رہائش پذیر ہیں، جن میں سے ایک نے یوکرین کی بھی شہریت حاصل کی ہوئی ہے۔ جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے 25طلاب پہلے ہی گھروں کو پہنچ چکے ہیں جبکہ ابھی تک 50کے قریب کشمیری طلباء گھروں کو لوٹ آئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ پیر کی شام تک کشمیر ہاوس نئی دہلی میں 30طلاب علم موجود ہیں جو کشمیر آنے کی تیاری میں ہیں۔ابھی تک مجموعی طور پر جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے 80طلباء واپس لوٹ چکے ہیں۔اس بات کی اطلاعات ہیں کہ یوکرین، پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ کی سرحدوں پر قریب 30طلبا موجود ہیں جو بھارت آنے کی کوشش کررہے ہیں۔مالڈوا نامی ملک کی سرحد پر 10طالب علم موجود ہیں۔سب سے تشویش کن بات یہ ہے کہ’ سومی سٹی‘ میں ابھی بھی کم سے کم 10کشمیری طلباء پھنسے ہوئے ہیں جن میں ایک لڑکی بھی شامل ہے۔’ سومی سٹی‘ کئی روز سے روسی فوج کے گھیرے میں ہے، جہاں ہر وقت بم دھماکے اور فائرنگ ہورہی ہے۔ اس سٹی میں کرفیو نافذ ہے اور کہیں کوئی آدم زاد نظر نہیں آرہا ہے۔ادھریوکرین اور اسکے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر موجود بھارتی شہریوں کو نکالنے میں روس اور یوکرین کے صدور نے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعظم نریندرمودی کی روس اور یوکرین کے صدور سے اس ضمن میں بات چیت ہوئی ہے۔روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پیرکے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو یوکرین کے’ سومی شہر‘ میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے میں ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ۔ پوتن نے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کی یقین دہانی تب کرائی جب مودی نے فون پر بات چیت کے دوران یوکرین کے سومی میں پھنسے ہندوستانیوں کو جلد از جلد نکالنے درخواست کی ۔ روس کے صدر اور مودی کے درمیان 50 منٹ کی بات چیت ہوئی ۔ وزیر اعظم یوکرین کے ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ تقریباً 35 منٹ کی بات چیت میں یوکرین کی صورتحال پر گفتگو کی اور مختلف شہروں خاص طور پر سومی میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی مسلسل کوششوں کے لئے یوکرین کی طرف سے حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ ۔دریں اثنا روس نے یوکرین کے مختلف شہروں میں پھنسے غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے آج دوپہر 12.30 بجے سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔