عظمیٰ نیوز سروس
کیف// روس کی جانب سے یوکرین پر حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی ڈرون حملے میں 28 افراد ہلاک جبکہ 150 زخمی ہوگئے ۔رپورٹس کے مطابق ہنگامی امداد پہنچانے والے اداروں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں۔یوکرینی وزیراعظم یولیا سویریڈینکو کا کہنا ہے کہ کیف میں ہلاک ہونے والے 28 افراد میں ایک 2 سالہ بچہ بھی شامل ہے ۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ ختم کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے ۔صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 8 اگست تک جنگ ختم کرنیکا معاہدہ ضروری ہے امریکہ 10 دن میں روس پر مزید معاشی اقدامات کرے گا اگر روس نے پیشرفت نہ کی تو ٹیکس اور پابندیاں عائد ہوں گی۔امریکی سفارت کارجان کیلی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اور پائیدار امن ناگزیر ہے روس اور کیف فوری امن مذاکرات کریں۔ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے جنگ روکنے کے لیے دی گئی ڈیڈلائن کے بعد روس نے یوکرین پر حملے تیز کر دیے ۔ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ روس کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرے ، جس کی ڈیڈلائن 31 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ یہ ہدایت کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی ہے ۔ویب سائٹ کے مطابق،روسی فیڈریشن کی حکومت، روسی ریلوے (اوپن جوائنٹ اسٹاک کمپنی) کے ساتھ مل کر، روس کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی ترقی کا ایک ماڈل تیار کرے گی، جس میں ہر منصوبے کے نفاذ کے لیے مخصوص ٹائم لائنز اور پیرامیٹرز شامل ہوں گے ۔مسٹر پوتن نے حکومت اور روس کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے سبر بینک کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ نیشنل ویلتھ فنڈ سے مختص کردہ300 ارب روبل (تقریباً 3.7 ارب امریکی ڈالر) کی ابتدائی فنڈنگ کے استعمال کا منصوبہ مرتب کریں، جو ماسکو تا سینٹ پیٹرزبرگ ہائی اسپیڈ ریل لائن کے لیے مختص کی گئی ہے ۔ اس فنڈنگ پر رپورٹ یکم اکتوبر تک پیش کی جائے گی۔ماسکو تا سینٹ پیٹرزبرگ ریل لائن، روس کی پہلی ہائی اسپیڈ ریلوے ہوگی، جو ایک خصوصی برقی ڈبل ٹریک لائن پر مشتمل ہوگی، جس پر ٹرینیں 200 سے 400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑسکیں گی۔ اس منصوبے کے تحت دونوں شہروں کے درمیان مسافت تقریباًدو گھنٹے اور پندرہ منٹ ہوگی۔روسی وزیر اعظم میکائل مشوستن اور روسی ریلوے کے سی ای او اولیگ بیلوزیروف کو اس منصوبے کی ذمہ دار سونپی گئی ہے ۔