یواین آئی
ماسکو// یوکرین کے ڈرون حملوں سے روس کے ایک جوہری پلانٹ اور دیگر پاور پلانٹس میں آگ لگ گئی۔مقامی حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔علاقائی آپریشنل ہیڈکوارٹر نے کہا کہ کل علی الصبح ایک یوکرینی ڈرون کا ملبہ کرسک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ایک ٹرانسفارمر پر گرا، جس سے آگ لگ گئی اور پلانٹ کو نقصان پہنچا۔ جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، نیز بتایا گیا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ پلانٹ اور آس پاس کے علاقے میں تابکاری کی سطح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔لینن گراڈ کے علاقے میں، علاقائی گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے کہا کہ اْست-لوگا بندرگاہ میں روسی قدرتی گیس بنانے والی کمپنی نووٹیک کے ایک ٹرمینل میں ایک اور ڈرون کے ملبے سیآگ لگ گئی۔وزارت دفاع نے کہا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ روز تین ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آرایس) ملٹیپل لانچ راکٹ سسٹم راؤنڈ اور 172 ڈرونز کو روکا۔اس دوران روس اور یوکرین کی جانب سے ایک دوسرے کے مزید 146 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ یو اے ای کی ثالثی میں ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق یوکرین نے کرسک ریجن سے تعلق رکھنے والے 8 روسی شہریوں کو بھی رہا کیا ہے۔