عظمیٰ نیوز سروس
لکھنؤ//یوگی حکومت دیوالی کے موقع پر اتر پردیش کی کروڑوں ماؤں اور بہنوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے جا رہی ہے۔ریاستی حکومت نے وزیر اعظم اْجولا یوجنا کے تحت اقتصادی طور پر کمزور اور محروم خاندانوں کو راحت دیتے ہوئے دو مفت ایل پی جی سلنڈر ریفِل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بدھ کے روز لوک بھون آڈیٹوریم میں اس اسکیم کا افتتاح کریں گے اور اہل خواتین کو مفت سلنڈر ریفِل کا تحفہ دیں گے۔حکومت کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق، اتر پردیش کی 1.86 کروڑ ماؤں اور بہنوں کو دو مفت ایل پی جی ریفِل سلنڈر دیے جائیں گے۔حکومت کے مطابق، پہلے مرحلے یعنی دیوالی پر 1.23 کروڑ آدھار تصدیق شدہ مستفیدین کو فری سلنڈر کا فائدہ دیا جائے گا۔ سبسڈی کی رقم مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ یعنی اگر کوئی خاتون دیوالی کے موقع پر ایل پی جی سلنڈر خریدتی ہے، تو اس کی قیمت بعد میں 3–4 دنوں کے اندر اس کے آدھار سے جڑے بینک کھاتے میں واپس آ جائے گی۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سبسڈی کی رقم الگ الگ طور پر منتقل کی جائے گی۔ جن خواتین کے پاس 5 کلوگرام کا سلنڈر ہے، وہ چاہیں تو 14.2 کلوگرام کا سلنڈر حاصل کر سکتی ہیں۔ جن کے پاس صرف ایک کنکشن ہے، انہیں بھی اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا