عظمیٰ نیوز سروس
لکھنو//اتر پردیش کو ایک سرکردہ ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت نے سیاحت کے شعبے کو ایک نئی جہت دی ہے۔ عرب دنیا اب ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اتر پردیش کے متحرک جوہر کا مشاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے جو کہ اپنی تاریخی عظمت، ثقافتی فراوانی اور قدرتی حسن کے لیے مشہور ہے۔عالمی سطح پر سراہا جانے والا اربین ٹریول مارٹ(اے ٹی ایم)دبئی میں 28اپریل سے یکم مئی تک منعقد ہوگا، اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی دور اندیش قیادت میں اتر پردیش کا محکمہ سیاحت ریاست کے متنوع سیاحتی پیشکشوں کو پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔پہل کے حصے کے طور پر محکمہ ایک روڈ شو کا اہتمام کرے گا اور تقریب کے مقام پر 50مربع میٹر کا ایک وسیع پویلین قائم کرے گا۔ پویلین اہم سیاحتی سرکٹس کو اجاگر کرے گا۔یو پی تھیم والا پویلین جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا اور B2Bاور B2G میٹنگز کا مرکز ہوگا۔ محکمہ سیاحت اپنی سرکاری ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کو بھی فروغ دے گا، جو ریاست بھر میں سفری خدمات اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری پیش کرے گا۔