ٹی ای این
سرینگر//تاجروںنے بعض بااثر افراد کی طرف سے فروغ دی جانے والی جعلی ’’میگا سیلز‘‘ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جس سے صارفین میں خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے اور مقامی دکانداروں پر برا اثر پڑ رہا ہے۔یہ گمراہ کن تشہیر اکثر صارفین کو غیر حقیقت پسندانہ رعایتوں کا لالچ دیتے ہیں، حقیقی کاروبار کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور مارکیٹ کے استحکام میں خلل ڈالتے ہیں۔ کے ٹی ایم ایف کے ایگزیکٹو ممبران اوربازار صدور نے عوام سے گزارش کی کہ وہ محتاط رہیں اور خریداری کرنے سے پہلے ایسے دعووں کی تصدیق کریں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے محنتی تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں جو مناسب قیمتوں پر معیاری مصنوعات فراہم کرتے ہیں۔ گمراہ کن فروخت نہ صرف کاروبار کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ صارفین کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔تاجروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس طرح کے فریب زدہ مارکیٹنگ کے حربوں کو کنٹرول کرے اور منصفانہ تجارتی طریقوں کو یقینی بنائے۔