حیدرآباد//طلبہ کے تبادلہ کے پروگرام یووا سنگم کا مقصد نوجوانوںکو محض سیاحت کروانا نہیں بلکہ اس کے ذریعہ ملکی تاریخ، ثقافت اور کامیابیوں سے روشناس کروانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر پی فضل الرحمن، وائس چانسلر انچارج، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کیا۔ وہ کل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ کے 50 طلبہ اور نوجوانوں پر مشتمل وفد کے دورے ہماچل پردیش کو روانگی سے قبل منعقدہ پروگرام کو مخاطب کر رہے تھے۔ تلنگانہ کے طلبہ کا یہ وفد این آئی ٹی، ہمیر پور، ہماچل پردیش جارہا ہے۔ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے تحت شروع کی گئی پہل یووا سنگم جس میں تلنگانہ کو ہماچل پردیش سے جوڑا گیا۔ اسی کے پانچویں مرحلہ کے تحت تلنگانہ کا یہ وفد این آئی ٹی ہمیر پور کے لیے روانہ ہوا۔ پروفیسر رحمن نے کہا کہ ہماچل پردیش کے متنوع مناظر، روایات اور ترقی کے از خود تجربات سے طلبہ مختلف کو ملک کے خطوں کے احترام اور ان سے استفادہ کی خواہش پیدا ہوگی۔ یووا سنگم پروگرام کے پانچویں مرحلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کا تعلق تلنگانہ بھر کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے ہے۔ ہماچل پردیش میں ان طلبہ کا 7 روزہ قیام امید ہے کہ انہیں انوکھا تجربہ فراہم کرے گا۔ جس سے ان میں ثقافتی، تکنیکی اور سماجی تعامل کی بصیرت کو فروغ ملے گا۔
انٹر یونیورسٹی یوتھ فیسٹول میں مانو طلبہ کی نمایاں کارکردگی
عظمیٰ نیوز ڈیسک
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے 38 ویں جنوب مشرق زون یوتھ فیسٹول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس برس بین جامعاتی ثقافتی مقابلے اسوسئیشن آف انڈین یونیورسٹیز نے کرسٹ یونیورسٹی، بنگلور میں منعقد کیے تھے۔فیسٹول میں تلنگانہ، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کی بڑی یونیورسٹیوں نے حصہ لیا تھا۔ مانو کو مائم مقابلہ میں دوسرا اور ڈرامہ میں تیسرا مقام حاصل ہوا۔ مائم مقابلہ میں مانو طلبہ کی ٹیم نے بنا کچھ کہے محض چہرے کے تاثرات سے اہم ترین پیام پیش کیے اور ڈرامہ کے مقابلے میں مانو طلبہ کی ٹیم نے پھر ایک مرتبہ اپنے اداکاری کے ہنر و مہارت کے جوہر دکھائے۔ اس نمایاں مظاہرہ کی بنیادوں پر مانو ٹیم کو قومی یوتھ فیسٹول میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دیا گیا، جو امیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا میں منعقد ہوگا۔ مانو طلبہ کے اس غیر معمولی کارکردگی پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ ’’یہ کامیابی طلبہ کی سخت محنت، لگن اور صلاحیت کا ثبوت ہے۔‘‘ اساتذہ اور طلبہ نے اس موقع پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔