عظمیٰ نیوزڈیسک
حیدرآباد//یووا سنگم کا مقصد ثقافتوں کی انفرادیت کا جشن منانا اور تنوع میں اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جشنو دیو ورما، گورنر تلنگانہ نے کیا۔ وہ آج یووا سنگم پہل کے تحت ہماچل پردیش سے تلنگانہ آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران نوجوانوں سے مخاطب تھے۔ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے تحت یووا سنگم پروگرام کیا جارہا ہے جہاں مختلف ریاستوں کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کی ریاستوں کا دورہ کراتے ہوئے وہاں کی ثقافتوں کا مطالعہ کروایا جارہا ہے۔وفد سے تبادلہ خیال کے دوران معزز گورنر، نے یووا سنگم پروگرام کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ گورنر نے پروگرام کے نوڈل افسران اور کوآرڈینیٹرس کو بھی مبارکباد دی۔پروفیسر محمد فریاد ، پروفیسر رامولو مورے، اے آئی سی ٹی ای کے مشیر اور ڈاکٹر پرم سنگھ، جو ہماچل پردیش کے نوڈل آفیسر ہیں، نے اس ملاقات کے دوران گورنر کو ہدیۂ گل پیش کیا۔ اجلاس کے دوران پروفیسر محمد فریاد، و نوڈل آفیسر یووا سنگم تلنگانہ نے یووا سنگم پہل پروگرام کی رپورٹ پیش کی، جس میں اس کے مقاصد پریٹن (سیاحت)، پرمپرہ (روایات)، پرگتی (ترقی)، پاراسپر سمپرک (عوام سے عوام کا رابطہ) اور پروڈیوگیکی (ٹیکنالوجی) پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اسسٹنٹ نوڈل آفیسر جناب معراج احمد نے سیشن کی کارروائی چلائی۔ اس موقع پر ہماچل پردیش سے آئے وفد میں سے لکی چوہان اور آیوشی پٹیال نے اپنے تجربات شیئر کیے، لکی چوہان نے مجموعی طور پر اظہار خیال کیا اور آیوشی نے سالار جنگ میوزیم کے اپنے دورے کے تاثرات پیش کیے۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ہماچل پردیش کے وفد نے حیدرآباد کے معروف اختراعی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ٹی ہب کا دورہ کیا۔ اس دورے میں وفد نے کاروباری اور تکنیکی فروغ کے بارے میں قابل قدر معلومات حاصل ہوئیں۔