جموں// جموں یونیورسٹی کے نان ٹیچنگ اور نان گزیٹیڈ ایمپلائز یونین کی طرف سے کی جارہی ہڑتال بدھ کو 13وین دن میں داخل ہو گئی اس موقعہ پر مقررین نے یونیورسٹی میں احتجاجی ریلی نکالی اور وائس چانسلر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا۔ دریں اثنا جموں یونیورسٹی پنشنرز ایسو سی ایشن نے بھی احتجاجی ملازمین کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اس دوران مقررین نے اخباروں میں شائع یونیورسٹی انتظامیہ کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے اس میں دئیے گئے حقائق کو غلط بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ ملازمین کی بیشتر مانگیں مان لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازموں کی تنخواہوں میں تفاوت برقرار ہے اور کئی ایک آرڈر صرف فائلوں تک محدود ہیں جنہیں زمینی سطح پر لاگو نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ کے ساتھ ڈی سی جموں اور ڈی آئی جی کی موجودگی میں 26جولائی 2016کو ہوئے معاہدہ پر بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ۔ مقررین میں پون سنگھ باہو، وجے کمار، اشونی بخشی، شام شرما، سنجیو چڈھا، وکاس لنگر، ابھینو شرما، بنارسی لال، ودھیا لال، راج کمار، عاشق کمار، پدمنی، کیول کمار، جسجیت سنگھ وغیرہ شامل تھے۔