سوپور //کشمیر یونیورسٹی کی جانب سے امتحانات لینے میں تاخیر کے خلاف گورنمنٹ ڈگری کالج سوپور سے تعلق رکھنے والے تھرڈ سمسٹر کے انڈر گریجویٹ طلاب نے منگل کو کالج کیمپس میں احتجاج کیا ۔ طلاب نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر’’ ہمیں انصاف دو ،کشمیر یونیورسٹی ہمارے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔‘‘ کے نعرے درج تھے ۔طلاب نے کشمیر یونیورسٹی پر الزام عائد کیا کہ اُن کے مستقبل کوتباہ کیا جا رہا ہے کیونکہ یونیورسٹی وقت پر نہ ہی امتحانات کے نتائج کا اعلان کرتی ہے اور نہ ہی امتخانات منعقد کرائے جاتے ہیں ۔احتجاج کرنے والے محمد عاصم نامی ایک طلاب علم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم کشمیر یونیورسٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تھرڈ اور فورتھ سمسٹر کا امتحان مشترکہ لیا جائے کیونکہ ہمارا بہت قیمتی وقت پہلے سے ہی ضائع ہوا ہے ۔ طالب علم کا کہنا ہے کہ کشمیر یونیورسٹی کی جانب سے طلاب کو مصیبتوں میں ڈال کر اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنا اب ایک معمول بن گیا ہے ۔عاصم کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی طلاب نے احتجاج کیا اور کئی بار یونیورسٹی حکام کو اس حوالے سے یاداشت بھی پیش کی گئیں تاہم اس پر کوئی عمل نہیںمیں کیا گیا ۔طلاب کا کہنا ہے کہ سمسٹر سسٹم کے تحت امتحانات منعقد کرانا ایک بڑی مصیبت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سمسٹر کے تحت لئے جانے والے امتحانات کے فیصلے کو واپس لیا جائے ۔