راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں چار روز ہ بزنس مینجمنٹ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگیا ۔اس ورکشاپ میں مالیات اورجدید طرز پر تجارتی معاملاتو دیگر اقتصادی امور پر مفصل گفتگو کی گئی ۔پروگرام کا انعقاد مینجمنٹ سٹڈیز کے سکول کی طرف سے کیاگیا۔ورکشاپ کے پہلے روزتوسیعی خطبوںمیں مہمان خصوصی پروفیسر محمد اکبر آئی آئی ایم کالج لکھنؤ نے اپنے خطاب میں کاربار اور معاشیات میں ابھرتے ہوئے مسائل پر گفتگو کی جبکہ اس کے بعد تین روز یونیورسٹی کے ایم بی اے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نئی طرز پر تجارتی معاملات اور نجی کمپنیوں میں تجارت کے مختلف شعبوں پر جائزہ رپورٹ پیش کی گئی ۔ پروفیسر محمد اکبر نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ تجارت میں نئے رجحانات پر توجہ دیں اور جدید تقاضوں کو پورا کریں ۔انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹائزیشن کا دور ہے، تجارت اب بہت آسان ہوچکی ہے جس کے لئے نئے نئے طریقہ کار ایجاد ہورہے ہیں، ان تما م پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلباء کو کچھ نیا طریقہ بتائیں تاکہ بزنس مینجمنٹ کاصحیح طور پر عکس کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء محنت ولگن سے کام کریںاور پرائیویٹ کمپنیاں بھی ایسے ہی نوجوانوں کی تلاش میں ہیں جو کاروبار کے سلسلہ میں ان کی مدد کرنے کے اہل ہوں ۔ اس موقعہ پر پروفیسر نسیم احمد ڈین آف اسکو ل مینجمنٹ سٹڈیز نے مہمانوں شکریہ اداکیا جبکہ ورکشاپ اسسٹنٹ پروفیسر دانش اقبال رینہ نے منعقد کرایا ۔ پروگرام میں ریسرچ اسکالروں اور طلباء نے بھی حصہ لیا۔