لیفٹیننٹ گورنر کی12سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز راج بھون، سرینگر میں یونیفائیڈ ہیڈکوارٹر (یو ایچ کیو)میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں کشمیر میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، چیف سکریٹری اتل ڈلو، ڈی جی پی نلین پربھات، جی او سی 15 کور کے لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو، جی او سی 16 کور کے لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جی او سی 9 کور کے لیفٹیننٹ جنرل راجن شراوت، ایئر وائس مارشل وکاس شرما( آرمی آرڈیننس کارپس جموں کشمیر)،سپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن پی ایچ کیو ایس جے وائی گیلانی، پرنسپل سیکریٹری ہوم چندراکر بھارتی، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، مسلح افواج، سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ کامیاب انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کے لیے سیکورٹی فورسز، جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مبارکباد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے افسران سے کہا” ملی ٹینسی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ حرکیاتی اور غیر حرکیاتی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں، ہمیں اس رفتار کو برقرار رکھنا چاہیے اور ملی ٹینسی اور اس کے پورے ماحولیاتی نظام کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے،” ۔انہوں نے سیکورٹی اپریٹس کو مسلسل بہتری لانے اور بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے فعال طور پر اپنانے کی ہدایت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بنیاد پرستی اور منشیات کی لعنت سے مثبت طریقے سے نمٹنے کے لیے ‘پورے حکومتی نقطہ نظر’ پر زور دیا۔میٹنگ میں مکمل سیکورٹی جائزہ اور تبادلہ خیال کے بعد، لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے 12 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا، جنہیں 22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر گھنائونے حملے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ان سیاحتی مقامات اور مذہبی مقامات میں سے 5 جموں اور 7 کشمیر ڈویژن میں ہیں۔آڑو ویلی، رافٹنگ پوائنٹ ینر، اکڑ پارک، پادشاہی پارک بیجبہاڑہ، اننت ناگ میں دارا شکوہ گارڈن، کمان پوسٹ، بارہمولہ میں ایکو پارک کھادنیار، دگن ٹاپ رام بن، ڈھگر کٹھوعہ ، چنکاہ ریاسی ، شیو غار سلال اور پادری ڈوڈہ کے مقامات29 ستمبر پیر سے کھولے جائیں گے۔