سرینگر//یونیسکوکے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک کے سلسلے میں صوبائی کمشنر کشمیرپانڈورانگ پولے نے سرینگرشہرکی ترقی اور یہاں کی وراثت کے تحفظ کیلئے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنرسرینگر،ڈپٹی کمشنربڈگام ،ایس ایم سی کمشنر ،چیف ٹائون پلانر،محکمہ سیاحت کے حکام،انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس کے علاوہ INTACH،کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری وغیرہ کے نمائندے شامل تھے۔میٹنگ میں مکانوں کی نشاندہی،بین الاقوامی تجارتی مرکزکاقیام جو مختلف شہروں سے جڑاہو،ریشم خانہ کاپھر سے استعمال،ختم ہورہی دستکاریوں کااحیاء ،جی آئی سرٹیفیکیشن، دستکاریوں پرمبنی سیلف ہیلپ گروپوں کی مالی مدد،تاریخی بازاروں کی ترقی،آبی گزرگاہوں کی بحالی ودیگر معاملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقعہ پرصوبائی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سرینگر سے کہا کہ وہ نگین روڈ پرکئی نجی ہیریٹیج مکانوں کوحاصل کرنے کا عمل تیزکریں۔عالی کدل اورزینہ کدل میں ورثہ کی عمارتوں کوحاصل کرنے کیلئے صوبائی کمشنر نے محکمہ ہینڈلوم وہینڈی کرافٹس کو صلاح دی کہ ان مکانوں کو حاصل کرنے کے بجائے ا ن کے مالکان کو ان عمارات کاتحفظ کرکے ان تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی شرط کے ساتھ مراعات دی جائیں ۔انہوںنے میونسپل کمشنر سے بھی کہا کہ ان کے استعمال کوتبدیل کرنے کی اجازت فوری طور دی جائے۔انہوں نے میونسپل کمشنر کوکنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کوکہا تاکہ عمارتوں کے منصوبوں کو ورثہ کے تخلیقی ماڈلوں کی شکل دی جائے۔ بین الاقوامی تجارتی مرکز کیلئے انہوں نے بڈگام میں رنگ روڈ پر سوکنال اراضی حاصل کرنے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ پولے نے مختلف شہروں کے دستکاروں کے درمیان ویڈوں میٹنگوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی تاکہ تجربہ،علم اور اختراع کوبانٹاجائے جس سے مصنوعات کافروغ ہواور ان کے بازارمیں بھی وسعت پیداہو۔