مظفرآباد//پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی سات لاکھ سے زائدا فواج کشمیر میں انسانیت کا اندھا دھند قتل عام کر رہی ہے ۔ کشمیر میں پیدا ہونے والے کشمیری جنہوں نے گولیوں کے سامنے آنکھیں کھولی ہیں ان کو موت کا کوئی خوف نہیں ۔۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے گزشتہ70برسوں کے دوران قربانیوں کی جو تاریخ رقم کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالہ سے منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے لیڈران نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ احتجاجی جلسہ سے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر ، ممبر ہائوس لارڈ ،لارڈز نذیر احمد ، تحریک انصاف کے رہنما خواجہ فاروق ، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنما سید منظور حسین شاہ ، عزیز احمد غزالی ، جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا محمودالحسن اشرف ، لبریشن لیگ کے راہنما خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ ، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل سید شبیر حسین بخاری ، وائس چیئرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل چوہدری شوکت عزیز ایڈووکیٹ او ر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر سماجی بہبود نورین عارف،وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ، وزیر بحالیات ناصر حسین ڈار ، شوکت جاوید میر ، مشتاق الاسلام ، سیاسی و دینی جماعتوں کے راہنمائوں ، سربراہان محکمہ جات ، آزاد جموں وکشمیر بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، وکلاء ، تاجر ، خواتین ، طلبا ء وطالبات ، ملازمین تنظیموںکے عہدیداران، جملہ ملازمین ،مہاجرین، صحافی اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے۔احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کاشکر گزار ہوں جنہوں نے فوری طور پر وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور مظفرآباد میں اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتشار کو ختم کر کے اس ناز ک صورتحال میں متحد ومتفق ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے ۔