سرینگر//حریت(گ)،ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،مسلم لیگ،دختران ملت،انجمن شرعی شیعیان،تحریک مزاحمت،پیپلز لیگ،سالویشن مومنٹ ،پیروان ولایت، پیپلز فریڈم لیگ، اسلامک پولیٹکل پارٹی،حریت ( جے کے) اورڈیمو کریٹک پو لیٹکل مومنٹ نے 5فروری کو ’یوم یکجہتی کشمیر‘ منانے کیلئے پاکستانی حکومت ،فوج اورعوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے 5فروری کو ’’یومِ یکجہتی کشمیر‘‘ منانے کیلئے پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پچھلے 70سال سے اپنے حق خودارادیت کے لیے برسرِ جدوجہد ہیں اور اس جدوجہد میں پاکستان روزِ اول سے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد کرتا آرہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان مرحوم قاضی حسین احمد کو اس بات کے لیے خراج عقیدت پیش کیا کہ موصوف نے 1990 میں ’’یومِ یکجہتی کشمیر‘‘ کا آغاز کرکے پاکستان کو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے زیادہ فعال اور سرگرم رول ادا کرنے کی ترغیب دی اور پاکستانی عوام کو بھی اس سلسلے میں عملی وابستگی دکھانے کا پیغام دیا۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری قوم اپنی آزادی کے لیے دنیا کی ایک بڑی ملٹری طاقت کے ساتھ نبرد آزما ہے اور اس جدوجہد میں پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے، جو ان کے حق خودارادیت کو خود بھی تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے سامنے اس کی وکالت بھی کرتا ہے۔ گیلانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ’’ ہم اس تعاون کے لیے پاکستان کے مشکور ہیں۔ میری دلی خواہش ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں قائم اپنے سفارت خانوں اور سفارتی چینلوں کو زیادہ متحرک کرے اور انہیں کشمیریوں کی جدوجہد اور جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرانے کا کام سونپ دے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے اور اس قضئے کا حتمی حل پاکستان کی شمولیت کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔ گیلانی نے پاکستانی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ 5؍فروری کو روائتی طور منانے سے آگے بڑھ کر اس دن زیادہ سے زیادہ جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کریں اور جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرائیں۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پوری دنیا میں وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی غیر مشروط سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں اپنے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ صاحب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کے حق میں پاکستانی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے ۔بیان کے مطابق پاکستان گذشتہ سات دہائیوں سے لگاتار خود کئی اندرونی و بیرونی مصائب و مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود جس طرح کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتا آرہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ مسلم لیگ پاکستانی حکومت، فوج، دینی جماعتوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور پاکستانی قوم کا کشمیر کے تئیں ایثار و قربانی کو سراہتے ہوئے سلام پیش کیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اس کی بنیادوں کو ہلانے کی بیرونی سازشوں کے ساتھ ساتھ عالم کفر کا پاکستان پر وقتی دباؤ،مالی امداد پر بندش لگانے کی دھمکی اور اسے تنہا کرنے کے ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان نے پچھلے ستر سالوں سے جس طرح عالمی فورموں پر جموں کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد اور وکالت کی اور کشمیریوں کے دردو کرب کو دنیا میں اجاگر کیا جس کی وجہ سے پوری دنیا مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے واقف ہوگئی اور رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے لگی وہ نہایت ہی قابل فخر کارنامہ ہے۔ ترجمان نے پاکستانی حکومت، فوج اور دینی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اور ترجیحات مسئلہ کشمیر کے حتمی حل پر مرکوز کریں اور اپنی پوری سیاسی اور سفارتی طاقت استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کواس کے تاریخی پس منظر میں نبھانے کا احساس دلائیں ۔مسلم لیگ کے ایک اور دھڑے کے سربراہ مشتاق الاسلام نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر اصولی طور پر ایک دوسرے کے لیے روح اور جسم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ حق کی بنیاد پر بنا ہے اور جموں و کشمیر مسلمانوں کی اکثریت والا خطہ ہونے کے ناطے پاکستان کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان دین، تہذیب، ثقافت، جغرافیہ اور علم و ادب مشترک ہے بلکہ پاکستان اور کشمیر پہاڑوں اور دریاؤں کی وساطت سے بھی ایک ہیں۔دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے پاکستان کے عوام پر عموماً اور ارباب اقتدار پر خصوصی زور دیا کہ وہ محض ایک روزہ تقریبات منانے سے آگے بڑھ کر کشمیر قضیہ کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو بتانا چاہتے ہیں کہ صرف یہ دن منانے سے فوج کا کشمیر سے انخلاء نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے کچھ عملی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ بھارت کو یہ تسلیم کروایا جائے کہ کشمیر ایک متنازعہ معاملہ ہے تبھی یہاں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی عمل آوری کیلئے راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پہلے ہی بھارت کے اٹوٹ انگ کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یکجہتی دن کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے لیکن بس اسی پر اکتفا نہیں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو معذرت خواہانہ طرز عمل ترک کر کے بھارت کی آنکھ سے آنکھ ملا کر دیکھنا ہوگا۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اورسینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اپنے ایک بیان میں آغا حسن نے امید ظاہر کی کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ آغا حسن نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے اور کشمیری قوم پر ڈھائے جارہے مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں اورپاکستان سے زیادہ کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کرنے والا اور کوئی نہیں۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی بحالی کے تعلق سے پاکستان کی قربانیاں اور کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اہم فریق کی حیثیت سے پاکستان نے روز اول سے ہی اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی خاطر کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت میں کوئی کمی روا نہیں رکھی ۔اس حوالے سے جموں کشمیر کی آزادی پسند قیادت اور عوام، حکومت پاکستان اور وہاں کے عوام کی ناقابلِ فراموش قربانیوں اور کوششوں پر ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ ترجمانی اور وکالت مستقبل میں بھی اور زیادہ شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔ پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام نے کشمیر کی تحریک آزادی میں جو گراں قدر خدمات پیش کی ہیں وہ آب زر سے لکھنے جانے کے قابل ہیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے پاکستانی عوام ، حکومت اور جملہ سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکلات،مصائب اور امتحانات کے باوجودکشمیریوں کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے یہ عہد کیا ہوا ہے کہ اس تحریک مزاحمت کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ پیروان ولایت نے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل آغا سید یعصوب نے کہا کہ پاکستان نے روز اول سے کشمیر میں ہورہی زیادتیوں پر آواز بلند کی جو قابل تحسین اور ناقابل فراموش ہے ۔ پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنائزر امتیاز احمد شاہ نے پاکستانی حکومت، عوام اور جملہ سیاسی قیادت کی کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کے تئیں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کشمیری عوام کیلئے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے حوالے سے پاکستان کی حکومت اور وہاں کی سیاسی قیادت گزشتہ سات دہائیوں سے مشکل حالات کے باوجود کوششیں بروئے کار لارہی ہے اس کیلئے جموںوکشمیر کے عوام ان کے ممنون اور مشکور ہیں۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کو ان کی مبنی برحق جد وجہد میں جس طرح سے سفارتی و سیاسی سطح پر ساتھ دیا ہے وہ قابل داد ہے۔حریت ( جے کے) نے پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان میں ہی جنوبی ایشاء سمیت کشمیر کا مستقبل محفوظ ہے۔ حریت کے کنوینئرشبیر احمد ڈار نے پاکستان حکومت کی طرف سے سیاسی،سفارتی اور اخلاقی سطح پر تعاون کو سراہا۔ڈیمو کریٹک پو لٹیکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جس طرح کشمیریوں کو تعاون دینے کا سلسلہ جاری رکھا وہ قابل تعریف ہے۔