نئی دہلی//سیکورٹی ایجنسیوں نے دہلی پولیس کو اس بارایک خاص الرٹ بھیج کربتایا ہے کہ لشکر طیبہ کے پانچ جنگجو دہلی میں داخل ہو چکے ہیں۔ویسے تو ہر بار15 اگست کے مد نظرملک کی راجدھانی دہلی میں جنگجویانہ حملے کا خطرہ بنا رہتا ہے، لیکن اس بارخطرہ زیادہ ہے، لہٰذا سیکورٹی کے بھی اتنے ہی پختہ انتظامات کئے جارہے ہیں۔سیکورٹی ایجنسیوں نے دہلی پولیس کو اس بارایک خاص الرٹ بھیج کردہشت گردانہ حملے کو لے کرمستعد رہنے کوکہا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں نے بتایا کہ 15 اگست پر حملے کے فراق میں لشکر طیبہ کے پانچ جنگجو دہلی میں داخل ہو چکے ہیں۔خفیہ الرٹ میں یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ جنگجو پولیس کو دھوکہ دینے کے لئے مذہبی ملبوسات کا استعمال کرسکتے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں کے مطابق لشکر کا منصوبہ ہندو یا سکھ کا لباس پہن کر بھیڑبھاڑ والے علاقوں میں گھس کرحملہ کرنے کا ہے۔سیکورٹی ایجنسیوں کے کے مطابق پانچ جنگجو دہلی کی سرحد میں داخل ہوچکے ہیں، جو 15 اگست کے موقع پر دہلی کے بڑے مندر، مسجد، درگاہ، چرچ، بھیڑ بھاڑ والے بازار، بڑی سرکاری عمارتیں، ریلوے اسٹیشن، بس اڈے، مالس اور دہلی ایئر پورٹ کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔سیکورٹی ایجنسیوں نے دہلی پولیس اوراس کی اسپیشل سیل کو 15 اگست کے مد نظر جنگجویانہ سرگرمیوں کو لے کرچاق وچوبند رہنے کا حکم دیا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے دہلی کے کناٹ پلیس سمیت تمام اہم مقامات پر کمانڈو دستے تعینات کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ موبائل کمانڈو پیٹرولنگ بھی بڑھا دی گئی ہے۔