جموں// یکم مئی کے موقعہ پر محنت کشوں کاعالمی دن یومِ مئی منانے کے سلسلے مختلف مزدورتنظیموں کے علاوہ سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات وریلیوں کاانعقاد کیاگیا ۔ اس سلسلے میں تقریبات وریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزدوروں کے حقوق اورلیبرقوانین کے بارے میں تفصیلی خیالا ت کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے مزدورطبقہ کی ترقی کےلئے اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیا۔
سی آئی ٹی یو
جموں میں سنٹرآف انڈین ٹریڈیونین کے بینرتلے مختلف مزدوروں تنظیموں کے کارکنان اورمحنت کشوں نے ریلی نکالی ۔اس دوران ریلی کی قیادت سیٹوکے جنرل سیکریٹری شیام پرسادکیسرکررہے تھے۔انہوں نے مظاہرین سے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ حکومت مزدورطبقہ کی بہبودکےلئے کچھ نہیں کررہی ہے اورجودعوے ریاستی اورمرکزی حکومتیں کررہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
نیشنل ہیومن رائٹس سوشل جسٹس کونسل
یوم مئی کے سلسلے میں نیشنل ہیومن رائٹس سوشل جسٹس کونسل کی جانب سے ایک سیمینارکاانعقاد کیاگیاجس میں مقررین نے مزدوروں سے متعلق قوانین پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزدوروں سے متعلق مسائل پرغوروخوذ کرتے ہوئے حکومت پر مزدوروں کے حقوق کی بحالی اورمزدورطبقہ کی بہبودکےلئے اقدامات اٹھانے پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کے ساتھ ناانصافی براہ راست انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اورہمارے ملک کاآئین بھی مزدوروں کے حقوق کی وکالت کرتاہے۔
نیشنل کانفرنس سٹیٹ سنٹرل ایمپلائزیونین
یہاں نیشنل کانفرنس سٹیٹ سنٹرل ایمپلائزیونین کی جانب سے شیرکشمیربھون میں یوم مئی کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد کیاگیا۔ اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نیشنل کانفرنس لیڈروسابق وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہاکہ پرائیویٹ اورپبلک سیکٹرکے ملازمین میں تفاوت کوفوری طورپرختم کرناچاہیئے۔ انہوں نے حکومت پرزوردیاکہ مزدوروں کے مسائل کے ازالہ کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے امریکہ کے شہرشکاگوں میں مزدوروں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کوبھی یادکیا۔انہوں نے کہاکہ مزدور طبقہ کا ملک کی سماجی ومعاشی حالت بہتربنانے میں کلیدی کردار ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقو کی بحالی اور ان کی بہبودکی سکیموں کی عمل آوری کےلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔سلاتھیہ نے شیخ محمدعبداللہ کی طرف سے مزدوروں کی بہبودکےلئے اٹھائے گئے اقدامات کوبھی یادکیا۔اس دوران ریاستی نائب صدر نیشنل کانفرنس رتن لال گپتانے بھی خیالات کااظہارکرتے ہوئے بڑھتی ہوئی مہنگائی پرتشویش کااظہارکیا ۔ ایس سی ایل یو نارسنگھ نے مزدوروطبقہ کے مسائل کواُجاگرکیا۔اس موقعہ پر تقریب سے خطاب کرنے والوں میں کرن سنگھ، دیپ مہرا، ونودٹاک، چین سنگھ، دھتی، تھوڑو رام، منڈی، بلدیوراج، اشفاق خان ودیگرلیبرلیڈران شامل تھے۔
مزدوردستکاریونین
ادھم پور منی سٹیڈیم میں مزدوردستکاریونین کی جانب سے ایک ریلی کاانعقاد کیاگیا جس میں یونین کے صدر درشن کمارنے کہاکہ شکاگومیں مزدوروں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کوہمیشہ یادرکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے کئی برسوں سے مزدوروں کے حقوق کو دبایاجارہاہے ۔انہوں نے حکومت پر مزدورطبقہ کی مانگوں کونظراندازکرنے کابھی الزام لگایا۔
انڈین نیشنل ٹریڈیونین کانگریس
یوم مئی کے سلسلہ میں انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس کی طرف سے ادھم پور میں پی ایچ ای دفترمیں پروگرام کاانعقاد کیاگیا اس سے پہلے مزدوروں نے ضلع صدرسومناتھ کی قیادت میں ریلی بھی نکالی۔ اس دوران تقریب میں ایس ایس پی ادھم پور شیلندرمشرامہمان خصوصی تھے۔ سومناتھ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے ڈیلی ویجروں کوفوری طورپرمستقل کرنے کامطالبہ کیا۔
ڈس ایبلڈ ویلفیئرایسوسی ایشن
پنشن میں اضافے ، وقت پر پنشن نہ ملنے اورمحکمہ سماجی بہبود کی طرف سے پنشن کے نئے معاملات پرغورنہ ہونے کے معاملات کولے کر ڈ س ایبلڈ ویلفیئرایسوسی ایشن کے بینرتلے سینکڑوں معذورافرادنے اکھنورمیں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے محکمہ سماجی بہبودکےلئے معذورافراد کے تئیں رویے پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ پنشن میں اضافہ نہ کرنا ، وقت پرپنشن نہ ملنااورنئے لوگوں کی پنشن نہ لگانا ناانصافی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سماجی بہبودکے رویے سے پریشان ہوکرہم یوم مئی کو یوم احتجاج کے طورپرمنانے پرمجبورہوئے ہیں۔