عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کئی صحافیوں کو ان کی نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا۔یوم جمہوریہ کی تقریب راجوری کے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوئی، جہاں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین، نسیم لیاقت تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر کئی صحافیوں کو اعزازات سے نوازا گیا، جن میں دینک جاگرن سے وابستہ گگن کوہلی، اسٹیٹ ٹائمز کے امیش ملہوترا، جے کے نیوز بریک کے راکیش تارا، اے این آئی کے افتخار احمد، اور ارلی ٹائمز کے پرمود کپور شامل ہیں۔گگن کوہلی ایک سینئر صحافی ہیں جو دینک جاگرن کے ساتھ گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں خاص طور پر اس تقریب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔تقریب میں صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے میڈیا کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آزاد صحافت جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اہم ستون ہے۔