نئی دہلی // قومی راجدھانی دہلی میں یوم جمہوریہ (26 جنوری ) کے موقع پر خفیہ ایجنسیوں نے بڑے دہشت گردانہ حملہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں نے ایک کال انٹرسیپٹ کرنے کے بعد دہلی پولیس کو یہ ان پٹ بھیجا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کے مطابق دہلی کے جامع مسجد علاقہ میں تین مشتبہ افراد چھپے ہوئے ہیں اور یہ تینوں 26 جنوری کو کسی بڑے دہشت گردانہ حملہ کی کوشش میں ہیں۔خفیہ ایجنسیوں کے مطابق تینوں مشتبہ افراد پشتو زبان میں بات چیت کرتے ہوئے سنے گئے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ تینوں مشتبہ افغانستانی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں کے ذریعہ ٹریس کی گئی دہشت گردوں کی بات چیت سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں پاکستان میں واقع دہشت گرد انہ کیمپوں میں ٹریننگ دی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان مشتبہ افراد کو جموں کے پلوامہ سے ہدایات دی جارہی ہیں۔اس جانکاری پر اسپیشل سیکورٹی میٹنگ میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل ٹیم کے علاوہ تمام جانچ ایجنسیاں محتاط ہوگئی ہیں اور اس سمت میں لگاتار کام کررہی ہیں۔